Indus Valley News

The largest Urdu web site of the world, Urdu News, Urdu Poetry, Horoscope, Technology, Weather, Business, Sports, Health, Islam, Women, Show-biz, Addab, Islamic Names, Articles resources.breaking news, instant news, top news, latest news, today’s news, world news, Pakistan news, View latest news updates from Pakistan and around the world. Published both in Urdu and English.

Ads Here

Monday, May 11, 2020

بھارت اچانک طالبان سے روابط استوار کرنے کا خواہشمند کیوں ہوگیا؟



بھارت اچانک طالبان سے روابط استوار کرنے کا خواہشمند کیوں ہوگیا؟



بھارت ابتدا سے ہی طالبان حکومت کا مخالف رہا ہے، تاہم اب افغانستان میں قیام امن کی بدلتی صورتحال کی وجہ سے بھارت نے ان طالبان کے ساتھ روابط استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برسوں کی بات چیت کے بعد انتیس فروری ہفتے کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان ایک امن معاہدے پر دستخط ہونے والے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس تقریب میں شرکت کے لیے بھارت نے بھی اپنا ایک سفیر بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز دفتر خارجہ نے اپنی معمول کی بریفنگ میں اس سے متعلق کچھ بھی کہنے سے گریز کیا تھا، لیکن بھارتی میڈیا میں اب یہ خبر شہ سرخیوں میں ہے کہ بدلتے حالات کے پیش نظر بھارت نے بھی امریکا طالبان امن معاہدے میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق قطر نے ہفتے کے روز کی تقریب کے لیے بھارت کو بھی دعوت نامہ بھیجا تھا اور اس مسئلے پر اعلیٰ قیادت سے صلاح و مشورے کے بعد دوحہ میں بھارتی سفیر کو اس میں شریک ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

دوحہ میں یہ پہلاموقع ہوگا جب طالبان کے ساتھ کسی بھی طرح کی میٹنگ میں بھارتی نمائندہ بھی موجود ہوگا۔ افغانستان میں سن 1996 سے 2001 تک طالبان کی حکومت تھی لیکن بھارت نے طالبان کی حکومت کو نہ تو حکومتی اور نہ ہی سفارتی سطح پر تسلیم کیا۔

لیکن بھارت کے اس فیصلے سے لگتا ہے کہ افغانستان میں بدلتی سیاسی صورت حال کے پیش نظر اس نے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کی ہے اور وہ طالبان کے ساتھ اپنے روابط استوار کرنے کا خواہاں ہے۔

دوحہ میں طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کی تقریب میں بھارت کی موجودگی طالبان اور بھارت کے درمیان ممکنہ سفارتی روابط کے قیام میں پہلا قدم بتایا جا رہا ہے۔

جنوبی ایشیائی امور کے ماہر قمر آغا نے جرمن خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکمت عملی کے اعتبار سے افغانستان بھارت کے لیے بہت اہم ہے۔ بھارت نے بہت کچھ داؤ پر لگا رکھا ہے اور وہ اس کا تحفظ چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا،اب بھارت کے پاس کوئی متبادل نہیں بچا ہے۔ افغان حکومت بھی طالبان کے ساتھ معاہدے پر متفق ہوچکی ہے تو بھارت الگ تھلگ کیسے رہ سکتا ہے۔ بھارت کی کوشش یہ ہے کہ افغانستان میں وہ اپنے اثاثے کسی طرح محفوظ رکھ سکے۔ اس نے وہاں بہت سرمایہ کاری کی ہے وہ ان پر حملے یا ان کی بربادی نہیں چاہتا۔ ایک سوال کے جواب میں قمر آغا نے بتایا کہ علاقائی امور کے تعلق سے اب بھی بھارت اور امریکا کے درمیان کافی اختلافات ہیں اور افغانستان کے بارے میں تو کچھ زیادہ ہی لیکن بھارت کے پاس آپشنز نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، طالبان ہمیشہ بھارت کے مخالف اور بھارت میں عسکریت پسندی کو ہوا دینی والی قوتوں کے حامی رہے ہیں، تو اگر افغانستان میں دوبارہ عدم استحکام ہوتا ہے تو پھر اس سے کشمیر میں بڑے مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں اور بھارت ان سے بچنا چاہتا ہے۔
حال ہی میں امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران بھی افغانستان پر بات چيت ہوئی تھی اور بھارت و امریکا کے مشترکہ بیان میں اس حوالے سے ذکر ملتا ہے۔
چند روز قبل ہی امریکی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں جنگ کے اختتام کے لیے طالبان اور امریکا کے درمیان ایک امن معاہدہ طے ہوگیا ہے جس پر 29 فروری کو دوحہ میں دستخط ہوں گے۔

بھارتی حکومت اور طالبان کے درمیان پہلی بار براہ راست گفتگو مسافر طیارے کی ہائی جیکنگ کے علاوہ کبھی بھی نہیں ہوئی ہے۔ 24 دسمبر سن 1999 میں بعض افراد نے بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی انڈین ایئرلائن کے ایک مسافر بردار طیارے آئی سی 814 کو اغوا کر لیا تھا۔ یہ جہاز کھٹمنڈو سے دہلی آرہا تھا جس میں 176 مسافر سوار تھے۔ پہلے یہ جہاز بھارتی شہر امرتسر میں رکا پھر اسے لاہور لے جایا گيا اس کے بعد دبئی میں رکا لیکن آخر ميں اغوا کاروں نے اسے قندہار میں اترنے پر مجبور کیا۔ تب بھارتی حکومت نے مسافروں کی بازیابی کے لیے طالبان سے پہلی بار بات چیت کی تھی اور دہلی کے تہاڑ جیل میں قید بعض شدت پسندوں کی رہائی کے بدلے میں بھارتی مسافر طیارے کو رہا کیا گيا تھا۔

سن 2018 میں افغانستان میں قیام امن کے لیے روس کی قیادت میں بھی طالبان سے ماسکو میں بات چیت ہوئی تھی اور اس میں بھارت کے دو سابق سفیر بطور آبزرور شریک ہوئے تھے لیکن وہ حکومت کے نمائندے نہیں تھے۔

No comments:

Post a Comment

تازہ ترین خبروں، ویڈیوز اور آڈیوز کے لیے آئیے۔ دنیا بھر کی خبروں کے حصول کے لیے ایک قابلِ اعتماد ویب سائٹ ہے